کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے بعد رواں دریائے چناب میں پاکستان کی طرف پانی کے بہاؤ میں اچانک اتارچڑھاؤ دیکھا جارہا ہے ، پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب کا رخ موڑا جارہا ہے ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتےہوئے کہا ہے کہ ہمارا پانی اب باہر نہیں جائے گا ، صوبائی وزیر آب پاشی کاظم پیرزادہ کا کہنا ہے کہ بہاؤ میں تبدیلیاں قدرتی نہیں، ایک دن دریا کا بہاو معمول کے مطابق اگلے دن بہت زیادہ کم ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین نریندر مودی نے واضح کر دیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا ، انہوں نےایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارا پانی اب باہر نہیں جائے گا ، بھارت کا پانی بھارت کے مفادات کے لئے استعمال کیا جائے گا۔مودی نے کہا کہ آج کل میڈیا میں پانی کے بارے میں بہت بحث ہو رہی ہے، پہلے، وہ پانی بھی جو بھارت کا حق تھا ملک سے باہر بہہ رہا تھا۔ اب، بھارت کا پانی بھارت کے فائدے کے لیے بہے گا، اسے بھارت کے فائدے کے لیے محفوظ کیا جائے گا، اور اسے بھارت کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔