• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ، بھارت کو شکست دینگے، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ ہماری مائیں، بہنیں، بزرگ اور نوجوان سب یک زبان ہیں کہ بھارت کو ہر صورت شکست دی جائے گی، شرجیل میمن نے کہا کہ 6اور 7مئی کی درمیانی شب بھارت نے دہشت گردی کے ایک بے بنیاد الزام کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف غیر قانونی، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد جاری ہے اور بھارت ہمیشہ سے اس تحریک کو کچلنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں ذمہ داری اور مؤثر انداز میں کارروائی کی۔ جمعرات کوکراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بغیر کسی تحقیق یا ثبوت کے بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کیا اور پاکستان کی جانب سے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کو بھی مسترد کر دیا، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ بھارت پہلے ہی طے کر چکا تھا کہ الزام تراشی کے بعد جارحیت کرنا ہے۔
اہم خبریں سے مزید