اسلام آباد( تنویر ہا شمی ،رانا غلام قادر ) بھارت کو معاشی محاذ پر بھی بڑی شکست، IMF بورڈ نے پاکستان کیلئے قرض قسط کی منظوری دیدی ۔ بھارت کی پاکستان کے لیےآئی ایم ایف کا قرض رکوانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئی ہیں ،آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے دو ارب 40کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی ،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ نے جمعہ کے روز پاکستان کے لیے 7ارب ڈالر کے قرض سہولت توسیع پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کےلیےایک ارب 40 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی ، پاکستان کو سات ارب ڈالر کے مجموعی قرض پروگرام میں سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط وصول ہوچکی ہے اور اب ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ، آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین 25 مارچ کو پہلے جائزہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد دو ارب 40کروڑ ڈالر فراہمی کےلیے سٹاف سطح کا معاہدہ طے پا یاتھا،ادھروزیراعظم نے عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری اور بھارت کے اس کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے،وزیراعظم نے اس حوالے سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بو سال سمیت حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی ہے،وزیر اعظم نےاپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معاشی صورتحال بہتر اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔بھارت یکطرفہ جارحیت سے ہماری ملکی ترقی سے توجہ ہٹانے کی مذموم سازش کر رہا ہے۔بین الاقوامی اداروں نے بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو ذمہ دارانہ اندازسے مسترد کیا۔آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں۔پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی ۔