• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن میں ٹارگٹ کلنگ، ناروال کا ٹرانسپورٹر کراچی میں قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکلنے والے شہری کو ل مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، فائرنگ کی زد میں آ کر بھیک مانگنے والی 2 خواتین بھی زخمی ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق عزیزبھٹی تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی میں واقع جامعہ مسجد غزالی کے باہرتین نامعلوم مسلح ملزمان نے جمعہ کی نماز پڑھ کر نکلنے والے ایک شخص پراندھا دھند فائرنگ کردی اور فرارہوگئے۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی اور مسجد کے باہر موجود دو خواتین زخمی ہوگئیں۔فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے شخص کو اسٹیڈیم روڈ پرواقع نجی اسپتال اور زخمی خواتین کوعباسی شہید اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا شخص نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ محمد اکرم ولد محمد فضل احمد کے نام سے کی گئی، مقتول ارم گارڈن بلاک تیرہ ڈی گلشن اقبال کا رہائشی اور چار بچوں کا باپ تھا۔مقتول ٹرانسپورٹر تھا اوراس کا آبائی تعلق نارووال سے تھا۔ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کے مطابق مقتول جامعہ مسجد غزانی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قریب واقع رہائشی اپارٹمنٹ ارم گارڈن پیدل جا رہا تھا ،جیسے ہی مقتول مسجد سے باہر نکلا تو باہر موجود نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پرفائرنگ کی جس سے بچ کر اس نے دوڑ لگا دی، حملہ آور تعاقب میں دوڑتے ہوئے آئے اور مزید فائر کئے۔ زخمی خواتین کی شناخت سائرہ زوجہ یعقوب اورزینت زوجہ امت کے نام سے کی گئی جن کی عمریں 55 سے 65 سال کے درمیان ہیں۔
اہم خبریں سے مزید