اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کی برداشت، تدبر اور امن پسندی کو کمزوری سمجھنے کی سنگین غلط فہمی میں مبتلا تھا۔ اگر پاکستان بروقت اور مؤثر انداز میں آہنی ردعمل نہ دیتا تو بھارتی حکومت اپنی جارحانہ روش، دھونس اور دھمکیوں سے باز نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی جانب پیش رفت ایک سنگین انسانی المیے سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ خطہ دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور دو ایٹمی طاقتوں کے مابین جنگ کے شعلے بھڑک اٹھتے تو اس کے مہلک نتائج نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کرتے۔ ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک اور اداروں پر لازم ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ سندھ طاس معاہدے سے علیحدگی کے فیصلے کو فی الفور واپس لے اور خطے میں پانی کے مسئلے کو عالمی معاہدات اور سفارتی ذرائع سے حل کرے۔