• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج سے یکجہتی کیلئے تاجروں، سول سو سائٹی کی استحکام پاکستان ریلی

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر)وطن عزیز کی سلامتی اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئےسابق صدراسلام آباد چیمبرآف کامرس سردار یاسر الیاس کی قیادت میں استحکام پاکستان ریلی کا انعقادکیا گیا جو ایف نائن پارک سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چودھری محمد یٰسین، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،سینئررہنماء اظہرخان تنولی،سردارمحمد آصف،اظہارعباسی،سلیم بھٹی،ملک دلشاد،حاجی مشتاق احمد شاہد،چودھری زاہد احمد،چودھری طارق گجر،وقارخان،راجہ غلام مرتضٰی،خرم عباسی،صفدرعباسی،مشتاق مسیح،واجد گجر،چودھری ابرار،عمران عباسی،ہارون کیانی،راجہ اشتیاق،طارق شریف سمیت بڑی تعداد میںسی ڈی اے مزدوروں،سول سوسائٹی،تاجربرادری اور شہریوں نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری وقائد مزدوریونین چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ آج کی تاریخ سازریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم متحد ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جذبوں کو کم نہیں کرسکیں۔ہم امن پسند لوگ ہیں لیکن بھارت نے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ کارروائی کی اورہماری سرحدوں کو عبورکر کے نہتے شہریوں پر حملہ کیاجس کے جواب میں ہماری پاک فضائیہ نے بھارت کی دفاعی تنصیبات تباہ کر کے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔ریلی میں اسلام آباد چیمبرآف کامرس کے سابق صدر ظفربختاوری،اعجازعباسی،چودھری عبدالرؤف،سیدالطاف حسین شاہ،زاہد رفیق،خالد چودھری ،ملک نویدسمیت دیگرقائدین نے بھی شرکت کی۔ جنگ نیوز کے مطابق بزنس کمیونٹی نے شہداء کے بچوں کے لیے دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ریلی کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے نذرِ آتش کیے گئے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مودی کی جارحیت کا جواب متحد قوم دے رہی ہے، اور اب دنیا جان چکی ہے کہ پاکستان ناقابلِ شکست ہے۔صدر اسلام آباد ڈویلپر زایسوسی ایشن سردار یاسر الیاس نے کہا مودی کو غلط فہمی تھی کہ پاکستان خاموش رہے گا لیکن اب ہم اس کی ہر غلط فہمی دور کر دیں گے۔ صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نےکہا فوجی جوانوں نے 25 کروڑ عوام کے دل جیت لیے ہیں، پاک فوج نے سر فخر سے بلند کر دیا ۔سوا کروڑ تاجر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔