کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی ہے ، انہوں نے شام کے صدر احمد الشرع کو ایک بہترین انسان قرار دیا ، اس موقع پر ٹرمپ نے شام سے کہا کہ وہ معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہوں اور اسرائیل سے اپنے تعلقات معمول پر لے آئیں۔سعودیہ کے بعد ٹرمپ کے دورہ قطر میں امریکا اور قطر کے درمیان 200ارب ڈالر کے بوئنگ طیاروں اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، قطر ایئرویز نے امریکی طیارہ ساز کمپنی سے 160 بوئنگ طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوحہ میں شاہی محل پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں انہوں نے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اس موقع پر کہا کہ قطر اور امریکا دفاعی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد اپنے تعلقات کو "ایک نئی سطح" پر لے گئے ہیں۔ ٹرمپ کی قطر میں موجودگی کے دوران قطر کی قومی ایئرلائن، قطر ایئرویز نے امریکی بوئنگ کمپنی سے 200ارب ڈالر سے زائد کے 160 طیاروں کے معاہدے پر دستخط کئے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ قطر ایئرویز کے سی ای او بدر محمد المیر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والے بوئنگ کمپنی کے سی ای او کیلی آرٹبرگ نے مجھے بتایا ’یہ بوئنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کا آرڈر ہے اور یہ بہت اچھا ہے‘۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران شام پر پابندی ہٹانے سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے اسرائیل کو آگاہ کردیا ہے جب کہ شام کے صدر بہترین انسان ہیں اس لئے انہیں موقع دینا مناسب سمجھا۔