کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ مودی ہماری شرائط پر بات کریں گے ہم ان کی شرائط نہیں مانیں گے، پاکستان دنیا کا آخری ملک ہوگا جو اسرائیل کو تسلیم کرے گا،ہماری فوج پوری دنیا میں ہمارے لیے عزت کا وسیلہ بنی ہے ۔ دفاعی تجزیہ کار ایئر وائس مارشل (ر) اعجاز محمودنے کہاکہ پاکستان نے جے ایف-17جیسے جدید لڑاکا طیارے خود ڈیزائن کیے ہیں اور ایئر فورس نیشنل ایرو اسپیس پارکس کے ذریعے تحقیق و ترقی میں نمایاں پیش رفت کر رہی ہے۔ حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو خود طیارے بناتا ہے جبکہ مودی کے بیانات کی تردید خود ٹرمپ کرتے ہیں۔ سیز فائر میں مسئلہ کشمیر کی شرط پاکستان نے رکھی، سیز فائر میں سعودی عرب و امریکہ کا کردار نمایاں رہا۔ رضا حیات ہراج نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا کا آخری ملک ہوگا جو اسرائیل کو تسلیم کرے گا۔