کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے 5.76ملین ڈالرز کی انعامی رقم رکھی ہے جو گزشتہ 2ایڈیشن کے مقابلے میں دگنی ہے۔ فاتح ٹیم کو 3.6ملین ڈالرز ملیں گے جو گزشتہ ایڈیشنز میں 1.6ملین ڈالرز تھے، رنرز اپ کو 2.16ملین ڈالرز ملیں گے جو اس سے قبل 8 لاکھ ڈالرز تھے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 30 دن کاؤ نٹ ڈاؤن کے سلسلے میں آئی سی سی فائنل کی پروموشنل ویڈیو بھی جاری کردی ہے۔ پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 9ویں نمبر پر رہی، اسے 4لاکھ 80 ہزار ڈالر ملیں گے۔ تیسری پوزیشن والی ٹیم بھارت کو 14لاکھ 40ہزارڈالرز اور چوتھی پوزیشن کی ٹیم نیوزی لینڈکو 12لاکھ ڈالرز ملیں گے۔5ویں نمبر پر انگلینڈ کو 9 لاکھ 60 ہزار ڈالرز، چھٹے نمبر پر سری لنکا کو 8لاکھ 40ہزار ڈالرز، 7ویں نمبر پر بنگلا دیش کو 7 لاکھ 20ہزار اور 8ویں نمبر پر ویسٹ انڈیز کو 6 لاکھ ڈالرز ملیں گے ۔ آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کا کہنا ہے کہ بہت خوشی ہو رہی ہے کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل کی فاتح ٹیم کو بھاری انعامی رقم دی جائے گی۔