کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آئی آئی چندریگر روڈ شاہین کمپلیکس چوک پر علاقہ مکینوں نے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث شام کو دفاتر کی چھٹی کے بعد گھروں کو جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا،احتجاج کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، ایم آر کیانی روڈ، ضیاء الدین احمد روڈ ،پریس کلب چورنگی اور اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،لیاقت آباد میں علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا جس کے باعث ایس ایم توفیق روڈ ڈاکخانہ جانب تین ہٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، کے الیکٹرک آفس جناح ایوینیو روڈ پر علاقہ مکینوں کے بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کے باعث ملیر ہالٹ جانب ماڈل کالونی قبرستان سگنل آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئے،سپر ہائی وے چاکر ہوٹل پر شہریوں نے انکروچمنٹ کے خلاف ہونے والے آپریشن پر احتجاج کیا کے باعث معمار موڑ آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئےاور ٹریفک جام ہو گیا،مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک پر آگ لگا دی جبکہ شہریوں سے بدتمیزی بھی کی گئی ۔