کراچی( اسٹاف رپورٹر )معرکہ حق یوم تشکر کے موقع پر کراچی پولیس آفس میں قومی پرچم کو سلامی اور افواج پاکستان کی عظیم فتح کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی،تقریب میں ڈی آئی جی ایڈمن کراچی، ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ، اے ڈی آئی جی لیگل، اے ڈی آئی جی اسٹبلشمنٹ و دیگر سینئر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی،اس موقع پر افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس افسران نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے طفیل آج ملک میں امن قائم ہے،کراچی پولیس افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عظیم کامیابی کو پوری قوم کی فتح قرار دیتی ہے، علاوہ ازیں ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں یوم تشکر پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی،تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے پرچم کشائی کی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران شہدائے وطن کے لیے خصوصی دعا کی گئی ،پولیس کے مطابق تقریب کا مقصد نہ صرف حب الوطنی کے جذبے کا اظہار بلکہ قومی یکجہتی امن، اور ملکی سلامتی کے عزم کی تجدید کرنا تھا۔