لاہور(خصوصی نمائندہ،خبرنگار)اسلامی جمہوری اتحاد کے زیر اہتمام یومِ تشکر منایا گیا ، افواجِ پاکستان زندہ باد ریلیاں مظاہرے اور کانفرنسیں ہوئیں ،خطباتِ جمعہ میں افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کو دنیا کی عظیم اور کامیاب ترین فوج قرار دیا ہے ، جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام یوم تشکر منایا گیا۔ علامہ ہشام الہی ظہیر نے کہا بحیثیت پاکستانی قوم ہم سب کو ملکر مملکت پاکستان کے دفاع اس کی سلامتی کے لئے صف اول کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ علماء جامعہ اشرفیہ نے فیروزپور روڈ سے مسلم ٹاؤن موڑ تک جامعہ اشرفیہ کے ناظم مولانا حافظ اسد عبید کی قیادت میں’’معرکہ حق ریلی‘‘ نکالی ۔ ریلی کے شرکا سے مولانا حافظ اسد عبید ،پروفیسر مولا محمد یوسف خان اور مولانا غضنفرعزیز نے کہا کہ افواج پاکستان نے اقوام عالم میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے ،بادشاہی مسجد میں بھی یوم تشکر منایا گیا۔ قیادت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی ۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے خصوصی شرکت کی ، مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا افواج پاکستان نے ثابت کر دیا وطن کے دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم تشکر مارچ اور ریلیاں نکالی گئیں پاکستانی چوک سے اچھرہ بازار تک یوم تشکر مارچ ہوا۔