لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعظم شہباز شریف نے (ن) لیگ کے صدر نوازشریف سے رائیونڈ میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم سیاسی، خارجی امور پر بریفنگ دی گئی اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال سمیت قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کیلئے سیاسی صورتحال پر غورکیا گیا، دوران گفتگو غیر ملکی وفود اور رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو اور ملاقاتوں سے نوازشریف کو آگاہ کیا۔ نواز شریف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے دشمن کو شکست دیکر قوم کا وقار بلند کیا، افواج پاکستان اور پوری قوم نے یہ جنگ لڑی، اسکی مثال کہیں نہیں ملتی، عوام کی ثابت قدمی ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکی ہے، ہم نے بہترین حکمت عملی کے تحت مقابلہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور عوام نے دشمن کو شکست دیکر ملک کا جھنڈا بلند کیا، پوری قوم یکجان اور دو قالب ہے اور اس جنگ کے دوران پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔