اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک 20 مئی 2025 (منگل) کو وزیراعظم شہباز شریف کو انٹیگریٹڈ انرجی پلان پر ایک پریزنٹیشن دیں گے، جس میں اس بات پر زور دیا جائے گا کہ پاور ڈویژن کی کوئی بھی سمری پٹرولیم ڈویژن کی رائے کے بغیر منظور نہ کی جائے اور اسی طرح پٹرولیم ڈویژن کی سمری بھی پاور ڈویژن کی مشاورت کے بغیر منظور نہ ہو۔ انٹیگریٹڈ انرجی پلان میں یہ بھی تجویز دی جائے گی کہ مستقبل میں پاور ڈویژن کوئی بھی اقدام پٹرولیم ڈویژن کی مشاورت کے بغیر نہ اٹھائے، اور نہ ہی آئی ایم ایف کے سامنے پیش کرے، جیسا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کے معاملے میں کیا گیا تھا جنہیں اب آف دی گرڈ لیوی کا سامنا ہے، اس کے علاوہ انہیں فی ایم ایم بی ٹی یو 3500 روپے کی زیادہ ترین گیس ٹیرف بھی ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ اس نے برآمدی شعبے کو مجبور کیا ہے کہ پنجاب کی صنعت آر ایل این جی کے استعمال میں 50 فیصد اور سندھ کی برآمدی صنعت 25 فیصد کمی کرے، جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ گیس کی قیمت 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے ساتھ ساتھ 791 روپے لیوی شامل ہونے کے بعد 4291 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو (یعنی 15.38 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو) تک پہنچ گئی ہے۔