• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو نتائج نسلوں پر محیط ہونگے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد، جدہ (فاروق اقدس، شاہد نعیم) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےکہ بھارت نے پانی روکا تو پاکستان کے ردعمل کے نتائج نسلوں تک محیط ہونگے، بھارت اس خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے، دوسری جانب پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح پر بھارتی جارحیت اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے ناقابل تردید شواہد پر مشتمل ڈوزیئرجاری کردیا،علاوہ ازیں بھارتی پروپیگنڈے کے جواب میں پاکستان نے عالمی سفارتی مہم مزید تیز کردی، وزیر خارجہ اسحق ڈار دو روزہ دورے پر آج چین جائینگے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اگلے ہفتے ایران کا دورہ کرینگے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفد امریکا اور یورپ کا دورہ کریگا۔تفصیلات کے مطابق عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پانی کے معاملے پربھارت کو واضح کرچکی ہے، فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنےکی ضرورت نہیں،24 کروڑ سے زائد لوگوں کا پانی روکنےکا کوئی پاگل آدمی ہی سوچ سکتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت ایسا کرنےکی ہمت نہیں کرسکتا، امید کرتے ہیں ایسا وقت نہ آئے لیکن آیا تو دنیا ہمارے اقدامات دیکھےگی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کیےگئے وعدوں کی مکمل پاسداری کرتے ہیں، پاکستانی فوج کی طرف سے یہ جنگ بندی برقرار رہےگی، فریقین کے درمیان رابطے میں اعتماد سازی کے اقدامات کیےگئے ہیں، اگر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہمارا جواب ہمیشہ ہوگا اور موقع پر ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں تصدیق کرسکتا ہوں کہ بھارت کا چھٹا گرنے والا طیارہ میراج 2000 ہے، ہم نے صرف طیاروں کو نشانہ بنایا، مزید کارروائی کرسکتے تھے مگر ہم نے ضبط کا مظاہرہ کیا، حملوں کے باوجود ہمارے تمام فضائی اڈے مکمل طور پر فعال ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیرپالیسی، ظلم وجبر اور کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانےکی کوشش ناکام ہو چکی ہے، جب تک بھارت بات چیت نہیں کرتا دونوں ممالک مسئلےکا حل نہیں نکالتے، تنازع کی آگ بھڑکنے کا خطرہ موجود رہےگا۔علاوہ ازیں غیرملکی خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا سرپرست بھارت ہے، ہماری مساجد، بچوں، خواتین، بزرگوں کو شہید کیا گیا،ہم نے صرف بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، ہماری پہلی ترجیح امن ہے، دشمن نے ہمیں ڈرانے کیلئے 9 اور 10 مئی کی شب مزید میزائل داغے لیکن بھارت بھول گیا کہ پاکستان کی قوم، اس کی افواج نہ کبھی جھکتی ہیں اور نہ جھکائی جا سکتی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاک بھارت تناؤ کو سمجھنے کیلئے اسکے پس منظر میں جانا ضروری ہے۔

اہم خبریں سے مزید