پشاور(نمائندہ جنگ ،جنگ نیوز)پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی ہواوں نے تباہی مچادی ، تیز آندھی اور طوفان سے کئی علاقوں میں دیواریں ،درخت اور سائن بورڈز گرنے سے ایک بچے سمیت 3افرادجاں بحق جبکہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں،کئی علاقوں میں دیواریں ،درخت اور سائن بورڈز گر گئے، بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، 110فیڈر بند ہونے سے کئی اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے، ،طوفان وبادوں باراں سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیاتھا اور 110فیڈر بند ہونے سے کئی اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے تھے جبکہ بڑے بڑے سائن بورڈزبھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔طوفان کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور اور ملحقہ اضلاع میں تیز آندھی اور طوفان سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پشاور میں دیوار گرنے سے ایک بچے کے جان بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز پشاور سمیت مختلف علاقوں میں طوفانی ہوائیں چلنا شروع ہوئیں جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر دیواریں ، درخت اورسائن بورڈز گرگئے ۔ ریسکیو1122 کے مطابق پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں آندھی اور طوفان سے اب تک 1 بچہ جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوچکے ہیں، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق ریسکیوپشاور کو آندھی اور طوفان کے باعث اب تک افغان کالونی، اسد انور کالونی، رانو گھڑی میں چھت و دیوار گرنے اور سول کوارٹر، بیگم شہاب الدین گرلز سکول تحصیل کے قریب درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، رانو گھڑی میں خانہ بدوش 6 سالہ بچے پر دیوار گر گئی جس سے وہ موقع پر جابحق ہوا جبکہ مختلف واقعات میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق گھنٹہ گھر کے قریب سبزی منڈی میں درخت گرنے سے یونس اور سید رحمان جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔