کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (سندھ ایچ ای سی) کے زیر اہتمام سلیم حبیب یونیورسٹی کراچی میں ’’سیمولیشن اینڈ گیمیفکیشن ایز ٹیچنگ میتھوڈولوجی‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے منعقد کی گئی۔ اس ورکشاپ کا مقصد سرکاری و نجی جامعات کے فیکلٹی ممبران کو تدریس کی ایسی جدید حکمت عملیوں سے روشناس کرانا تھا جو طلبہ کی دلچسپی کو بڑھاتی ہیں اور تجرباتی و گیم بیسڈ طریقوں کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو مؤثر بناتی ہیں۔ ورکشاپ میں شہر بھر کی جامعات سے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی، بالخصوص بزنس مینجمنٹ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس ورکشاپ میں عملی سرگرمیوں کو شامل کیا گیا جن کا مقصد اساتذہ کو کلاس روم میں سیمولیشن ٹولز اور گیمیفیکیشن تکنیکوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنا سکھانا تھا۔ شرکاء نے انٹرایکٹو مشقوں، فیصلہ سازی پر مبنی منظرناموں اور اعلیٰ تعلیم کیلئے تیار کردہ گیم بیسڈ لرننگ ماڈلز پر مبنی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس تربیتی سیشن کے انعقاد کیلئے سندھ ایچ ای سی نے دو ماہر ریسورس پرسنز کی خدمات حاصل کی تھیں جن میں سیمولیشن ایکس کے فیصل جلال اور ڈاکٹر رمیز خالد شامل ہیں۔ فیصل جلال سینئر مینجمنٹ کنسلٹنٹ اور سیمولیشن ایکس کے بانی اور کارپوریٹ و تدریسی تربیت کا 27 سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں؛ جبکہ ڈاکٹر رمیز خالد، انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں اور آپریشنز و سپلائی چین ایجوکیشن میں مہارت رکھتے ہیں، اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔