کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے عامر صدیقی کی کے الیکٹرک کے خلاف قرارداد مسترد‘جماعت اسلامی کے محمد فاروق کی قرارداد بھی مسترد لیکن پی پی پی کے ڈاکٹر سکندر شورو کی جانب سے سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سے متعلق پیش کردہ قرارداد منظورکرلی گئی ۔ منگل کو پرائیوٹ ممبرز ڈے کے موقع پر سرکاری ارکان کی قراردادیں منظور اور اپوزیشن ارکان کی نجی قراردادیں مسترد کردی گئیں جن میںایم کیو ایم کے عامر صدیقی کی کے الیکٹرک کے خلاف قرارداد بھی شامل ہے‘ اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ کے الیکٹرک کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف عدالتی کمیشن بنایا جائے۔پارلیمانی سکریٹری ہیر سوہو نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ اس معاملے کا جائزہ لینے کے لئے پہلے ہی ایوان کی ایک کمیٹی موجود ہے۔ جس کے چیئرمین فیاض بٹ ہیں۔ فیاض بٹ نے کہاکہ ہم عامر صدیقی کی شکایت بھی اس کمیٹی میں سن لیں گے۔ ایوان نے کثرت رائے سے عامر صدیقی کی قرارداد کو مسترد کردیا۔جماعت اسلامی کے محمد فاروق کی جانب سے بھی ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ہمارے معاشی حالات خراب ہیں۔ اس لئے سادگی اپنانا کر اخراجات کم کئے جائیں ۔