اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ڈیجیٹل دنیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی میں سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عملے کو جدید سائبر خطرات سے آگاہ کرنا اور محفوظ ڈیجیٹل رویوں کو فروغ دینا تھا۔ بحرِیہ یونیورسٹی سائبر سیکیورٹی سینٹر کے پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر ناصر علی نے شرکاء کو لیکچر دیتے ہوئے سائبر حملوں، ڈیٹا چوری، فِشنگ، سوشل میڈیا ہیکنگ اور دیگر موجودہ خطرات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ناصر علی نے کہا کہ "سائبر سیکیورٹی صرف آئی ٹی ماہرین کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری، ہر ملازم اور ہر ادارے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمیں ڈیجیٹل احتیاطی تدابیر کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی جزو بنانا ہوگا۔سیمینار کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی کے ڈپٹی کنٹرولر پروڈکشن ٹریننگ عبد الرحمن نیاز نے کہا کہ یہ سیمینار نہ صرف ہمارے اسٹاف کو سائبر سیکیورٹی سے متعلق بنیادی اور جدید معلومات فراہم کرے گا بلکہ ان کی ڈیجیٹل کارکردگی کو بھی محفوظ بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ کنٹرولر پروڈکشن ٹریننگ زاہد حسین جتوئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید میڈیا پروفیشنلز کے لئے سائبر سیکیورٹی سے واقفیت وقت کی ضرورت بن چکی ہے اوریہ سیمینار ادارے کی پیشہ ورانہ تربیت کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔ تقریب کے اختتام پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹی وی دانیال سلیم گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل تحفظ صرف ادارہ جاتی مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی سے بھی گہرا تعلق رکھتا ہے۔ ہر فرد کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔