• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوانِ تجارت و صنعت کمیونٹی کو منظم آواز فراہم کرتا ہے،کمشنر ملتان

ملتان(سٹاف رپورٹر )کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا فعال کردار ادا نہ کریں۔ایوانِ تجارت و صنعت ملتان مؤثر پلیٹ فارم ہے جو کمیونٹی کو منظم آواز فراہم کرتا ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت ملتان میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر ایوان تجارت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ ،سینئر نائب صدر محسن خواجہ ، نائب صدر محمد اظہر بلوچ،سابق صدور خواجہ محمد یوسف،میاں تنویر اے شیخ،خواجہ محمد حسین،خواجہ محمد عثمان ،سہیل طفیل،سید افتخار شاہ،سیکرٹری ایوان محمد شفیق و دیگر موجود تھے۔کمشنر ملتان نے کہا بجٹ کی آمد آمد ہے اور حکومت ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس سے تجاویز حاصل کرتی ہے، جنہیں بجٹ کا حصہ بھی بنایا جاتا ہے۔عامر کریم خان نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام سے رابطہ رکھتے ہیں کیونکہ مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے عوامی شراکت ضروری ہے۔ انہوں نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے فعال کردار کو سراہا اور اسے شہر کی ترقی میں اہم حصہ دار قرار دیا۔کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پانچ سال سے التوا کا شکار ملتان-وہاڑی روڈ منصوبے کی منظوری دے دی ہے اور اس پر کام شروع ہو چکا ہے انہوں نے کہا چارج سنبھالتے ہی اپنے طور پر 32 ترقیاتی اسکیموں پر مشتمل اے ڈی پی تیار کی، جن کی مجموعی لاگت 80 ارب روپے سے زائد تھی۔ بوسن روڈ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ روزانہ 10 ہزار سے زائد طلبہ اس سڑک کو استعمال کرتے ہیں، جسے مکمل ڈبل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ملتان سے مزید