نیویارک، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا، عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،سینئر سیاستدان ماہر خارجہ امور سینیٹر مشاہد حسین نے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دفاعی طاقت کاتوازن بحال کیا، چین اب مسئلہ کشمیر کا عملی طور پر ایک فریق بن چکا ۔تفصیلات کے مطابق قونصلرصائمہ سلیم نے کہا بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی، پانی جنگ کا ہتھیار نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔صائمہ سلیم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لییعالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ بھارت کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے میں مصروف ہے۔صائمہ سلیم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کو بےدریغ قتل اور زخمی کرتا ہے، پاکستان پر بلا اشتعال حملے کرکے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صائمہ سلیم نے سلامتی کونسل کو یاد دلایا کہ ہندوستان نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی سرپرستی کرتا ہے۔صائمہ سلیم نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پہلگام واقعے کی مذمت کی۔ اگر ہندوستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں تھا تو اسے چاہیے تھا کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدار، معتبر اور آزادانہ تحقیقات پر رضامند ہوتا۔ صائمہ سلیم نے کہا کہ ہندوستان مسلسل دہشت گرد گروہوں کو مالی اور عملی مدد فراہم کرتا ہے جن میں ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ شامل ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں معصوم شہریوں کا قتل ہے۔ 21 مئی کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس پر بزدلانہ حملے میں معصوم بچوں کی جانیں لی گئیں اور درجنوں زخمی ہوئے۔صائمہ سلیم نے کہا کہ اگر ہندوستان واقعی امن، سلامتی اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر کاربند ہے، تو اسے چاہیے کہ وہ ریاستی دہشت گردی بند کرے، کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا سلسلہ ختم کرے، بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور دوطرفہ معاہدات کی پاسداری کرے اور جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کے لیے بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے۔ سینئر سیاستدان ماہر خارجہ امور سینیٹر مشاہد حسین نے تھنک ٹینک پاکستان ـچائنا انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) کی رپورٹ ʼ16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا کی تاریخی تبدیلی کا اجرا کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رپورٹ میں نریندر مودی کے غلط اندازے اور پاکستان کی واضح برتری کا تذکرہ کرتے ہوئے جنگ کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے، کیونکہ دفاعی طاقت کا توازن بحال ہو چکا ہے، مئی میں جنگی فتح کو ʼپاکستان کا شاندار ترین لمحہ قرار دیا گیا ہے۔