• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کراچی پرواز کو 5 مرتبہ جھٹکے لگے، خواتین، بچوں اور دیگر مسافروں کی چیخیں، کلمہ طیبہ کا ورد

کراچی ( افضل ندیم ڈوگر ) لاہور اور گرد و نواح میں ہفتے کی سہہ پہر کئی گھنٹے تک طوفان بادوباراں کی وجہ سے فلائٹ شیڈول متاثر ہوا۔ دو پروازوں کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا جبکہ 10 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی۔ کراچی سے لاہور پہنچی پرواز طوفان میں پھنس گئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ہفتے کی سہ پہر بجے سے شام 7 بجے تک لاہور اور گرد اور نواح میں موسم شدید خراب رہا۔ طوفان بادوباراں اور تیز اندھی چلتی رہی۔ اس دوران کراچی سے لاہور کی نجی ایئر کی پرواز 9 ایف 842 لینڈ کرنے کیلئے پہنچی تو طوفان کے گھیرے میں آگئی۔ طیارے کو شدید جھٹکے لگے جس سے مسافروں کی چیخیں نکل گئیں اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔ اس دوران پائلٹ گو اراؤنڈ پر چلا گیا تاہم اے ٹی سی لاہور نے طیارے کو واپس کراچی موڑ دیا۔ مسافروں نے بتایا کہ لاہور میں لینڈنگ اپروچ پر شدید طوفان کے دوران طیارے کو پانچ مرتبہ جھٹکے لگے اور طیارہ لڑکھڑایا جس سے مسافروں کی حالت غیر ہو گئی۔ لاہور کا موسم ٹھیک ہوا تو کراچی میں ری فیولنگ کے بعد طیارے کے 57 مسافروں نے دوبارہ سفر سے انکار کردیا۔ انتظامیہ نے طیارے سے اترے مسافروں کا سامان تلاش کرکے ان کے حوالے کیا اس دوران پرواز 2 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور کے موسم کی خرابی کی وجہ سے پی ائی اے کی پرواز پی کے 638 کو بھی کراچی منتقل کیا گیا۔ طوفان اور موسم کی خرابی کی وجہ سے لاہور امد اور روانگی کی لگ بھگ 10 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید