• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکندر کا انگلینڈ سے پاکستان تک 18 گھنٹے سفر، قلندر کو فاتح بنادیا

کراچی (عبدالماجد بھٹی) لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ کے سکندر بن گئے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے فاتح ٹرافی شاہین شاہ آفریدی کو دی۔ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد سکندر رضا ان کی جیت کے اصل ہیرو تھے جو انگلینڈ کے ٹھنڈے موسم سے 18 گھنٹے کا سفر کرکے گرم موسم میں آئے اور قلندرز کو ٹرافی جتوادی۔سکندر رضا کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور ان کے اہل خانہ کئی سالوں سے ہرارے میں مقیم ہیں انہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ زمبابوے سے کھیلی ہے سکندر نے 18گھنٹے پہلے ناٹنگھم میں زمبابوے کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلا۔ میچ کے بعد برمنگھم پہنچے۔ رات کھانا کھایا۔ بر منگھم سے ابوظبی تک بز نس کلاس میں جگہ نہ ملنے پر اکانومی کلاس میں سفر کیا۔ سات گھنٹے ابوظبی میں گذارے۔ ناشتہ اور لنچ کیا۔ پھر تین گھنٹے بعد ٹاس سے دس منٹ پہلے چھ بج کر پچاس منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر اترے اور سیدھے قذافی اسٹیڈیم پہنچ کر فائنل کھیلا اور لاہور کو چیمپئن بنوادیا۔ انہوں نے43رنز دے کر ایک وکٹ لی اور سات گیندوں پر22ناٹ آؤٹ رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بناکر بازی پلٹ دی ۔ آخری اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا مارا۔ میچ ختم ہوئے ہی ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں کاندھوں پر اٹھالیا۔ کوشال پریرا کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ ملا۔ شاہین آفریدی بہتر ین بولر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔ بہترین فیلڈر کا ایوارڈ عبدالصمد، بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ محمد حارث ، ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ محمد نعیم کو ملا۔ بہترین امپائر کا ایوارڈ آصف یعقوب کو دیا گیا۔ اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ پشاور زلمی کو ملا۔
اہم خبریں سے مزید