لاہور(خبرنگار،اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اٹلی کے شہر میلان کے گوردوارے میں سکھ جتھوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو دنیا بھر کے سکھوں کے لیے پاک استھان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 7 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی خدمت کرکے ثابت کیا ہے کہ ہم بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے مہمانوں کو پلکوں پر سجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دروازے آپ کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت باہمی اشتراک سے گوردواروں سمیت تمام اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو محفوظ، خوبصورت اور فعال بنانے میں سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوردواروں کی تزئین و آرائش کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، جس پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔