کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اکھنڈ بھارت کا منصوبہ ہے اس کو ہم بحیرہ ہند میں ڈبو دیں گے اور ہم تمام ممالک کو بتائیں گے کہ یہ صرف ہم تک محدود نہیں ہے ۔ ہم نے سفارتی سطح پر بھی ہندوستان کو تنہا کر دیا، ہم پلان کر رہے ہیں پندرہ جون تک پاکستان ریلوے فیئر ٹرین کو روس سے کنیکٹ کردیں گے۔ بلوچستان سے آگے تافتان ہے پھر زاہدان ہے ایران سے استنبول اور ازبکستان ہے پورا میرے پاس پلان ہے ۔ اگر آپ نے سینٹرل ایشیا جانا ہے روس جانا ہے یورپ جانا ہے اور آپ نے معیشت میں تیزی لانی ے تو ریلوے سسٹم کو بوسٹ دینا ہوگا۔رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے پرامن احتجاج کو پورے ملک میں پھیلانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر تین سو سے زائد مقدمات ہیں اور اتنے مقدمات کسی دہشت گرد پر بھی نہیں ہیں۔