اسلام آباد ( مہتاب حیدر) پاکستان اور آئی ایم ایف ابھی تک بجٹ 2025-26 کےمجموعی آمدن اور اخراجات کے تخمینوں پر اتفاق رائے پیدا نہیں کر پائے۔ اگرچہ دونوں فریقین نے منگل کی رات غیررسمی ورچوئل مذاکرات جاری رکھے لیکن تاحال کسی چیز کو حتمی صورت نہیں دی جاسکی۔ آئی ایم ایف کی مشن چیف مسز ایوا نے مسٹر ناتھن پورٹرکی مدت پوری ہونے پر چارج سنبھال لیا ہے اور ابھی تک بجٹ کے نمبرز کو حتمی صورت نہیں دی جاسکی۔ اگرچہ دونوں فریقین نے ورچوئل مذاکرات اس اندازے کے ساتھ شروع کیے تھے کہ جاری ہفتے کے آکر تک ریونیواور اخراجات پر اتفاق کرلیاجائےگا۔اس کے بعد آئی ایم ایف کو مجوزہ آمدن کے اقدامات کی توثیق کرنا تھی تاکہ اسے مطلوبہ معیار تک بڑھایاجاسکے۔ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے دی نیوز کو تصدیق کی ہے کہ منگل کی رات آٗی ایم ایف کی ٹیم نےاسلام آباد سے واپسی سےقبل ایف بی آر میں وزارت خزانہ کے سرکردہ افراد سے تفصیلی بات چیت کی ۔ آئی ایم ایف کے اعلیٰ عہدیداران نے ٹیکس تجاویز مسترد کرہے ہیں اور بجٹ سازوں کے آمدن کے اقدامات کو حتمی شکل دینے کے عمل کو مشکل بنارہے ہیں۔