اسلام آباد (قاسم عباسی) پاکستان کے پاس بھارت کے پورے بینکاری اور مواصلاتی نظام کو تباہ کرنے کا موقع تھا۔ مشترکہ ملٹی ڈومین آپریشنز کے تحت، پاکستان نے ایک گھنٹے کے دوران 15 لاکھ سے زائد سائبر حملے کیے اور وہ پہلا ملک بن گیا جس نے قلیل المدتی مگر انتہائی مؤثر جارحانہ سائبر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکومت سے قریبی تعلق رکھنے والے ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی ماہر نے بتایا کہ پاکستان بھارت کے مکمل مالیاتی اور مواصلاتی نظام کو مفلوج کر سکتا تھا، لیکن اس حوالے سے تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس پوری بھارت پاکستان جنگی صورتحال میں ہمارے ہیکرز نے ایک کلیدی کردار ادا کیا، جو تاحال تسلیم نہیں کیا گیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی ماہر نے کہا کہ یہ ہمارے گمنام ہیرو ہیں۔