کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے تین نمبر کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے ،پولیس نے بتایا کہ متوفین تیز رفتاری میں موٹرسائیکل پر بلدیہ نمبر تین سے گذر رہے تھے کہ لٹکی ہوئی کیبل وائر انکے گلے میں پھنس گئی اور وہ موٹرسائیکل سے گر شدید زخمی ہوگئے، انکی سر پر گہری چوٹیں آئیں ، ایک نوجوان موقع پر جبکہ دوسرا اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ، ایک متوفی کی شناخت یاسین کے نام سے ہوئی ہے ، اسٹیل مل چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 30سالہ احمد ولد شاہنواز جاں بحق ہوگیا،صدر کے علاقے لکی اسٹار کے قریب تیز رفتاری کے باعث رکشا الٹ جانے سے شدید زخمی ہونے والا 55سالہ نامعلوم شخص جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، میرا ناکہ پل کے قریب نامعلوم گاڑی کیث ٹکرسے موٹرسائیکل سوار 22سالہ شیزان ولد لیاقت جاں بحق ہوگیا۔