• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے افغانستان کیساتھ تعلقات سفیر کی سطح تک بڑھا دیئے، عالمی ثالثی تنظیم کے قیام کے کنونشن پر بھی دستخط

اسلام آباد (فاروق اقدس) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کابل میں پاکستان کے ناظم الامور کو سفیر کی سطح تک اپ گریڈ کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے، اسحق ڈار نے کہا کہ افغانستان میں ناظم الامور کی بجائے سفیر تعینات، اقدام سے دونوں برادر ملکوں کی حکومتوں کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ ، باہمی تبادلوں کو بڑھانے میں مزید معاون ثابت ہوگا، دوسری جانب پاکستان نے ہانگ کانگ میں عالمی ثالثی تنظیم کے قیام کی کنونشن پر دستخط کردیئے، پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہانگ کالنگ میں کنونشن پر دستخط کیے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا پاکستان چین کے عالمی ثالثی ادارے میں شریک دستخط کنندہ بن گیا ، ثالثی کی عالمی تنظیم کے بانی ارکان میں شامل ہونے پر فخر ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے حوالے سے بڑا بریک تھرو ہوا ہے جسکی اطلاع خود نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایکس اکائونٹ پر دی ہے جو اس وقت بین الاقوامی تنظیم کے قیام کیلئے پاکستان کی شمولیت میں دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کیلئے ہانگ کانگ میں موجود ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مثبت تعلقات کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مجھے یہ پیغام دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ افغانستان میں جہاں اس وقت پاکستان کی سفارتی نمائندگی سفارت خانے کے ناظم الامور کی سطح پر ہے، اب وہاں باضابطہ پاکستان کی نمائندگی کل وقتی سفیر کرینگے اور اب کابل میں ناظم الامور کی بجائے سفیر کی تعیناتی کی جائیگی۔ اسحاق ڈار نے اس یقین اور اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کے اس اقدام سے دونوں برادر ملکوں کی حکومتوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ دریں اثناء ایک بیان میں وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ 19اپریل 2025 کو پاکستانی وفد کے ہمراہ میرے کابل کے انتہائی نتیجہ خیز دورے کے بعد پاک افغان تعلقات ایک مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے، اقتصادی، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں پاک افغان تعاون کو مزید گہرا کرنے اور باہمی تبادلوں کو بڑھانے میں مزید معاون ثابت ہوگا۔ دریں اثنا پاکستان نے چین کی نئی قائم کردہ بین الاقوامی ثالثی تنظیم (آئی او ایم ای ڈی) کے قیام کے کنونشن پر دستخط کردیئے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے پاکستان کی جانب سے ہانگ کانگ میں بین الاقوامی ثالثی تنظیم کے قیام کے کنونشن پر دستخط کیے، جس کے بعد پاکستان چین کے عالمی ثالثی ادارے میں شریک دستخط کنندہ بن گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین نے ہانگ کانگ میں ایک بین الاقوامی ثالثی تنظیم کے قیام کے کنونشن پر دستخط کیے ہیں جسے بیجنگ بین الاقوامی عدالت انصاف کے ہم پلہ لانے اور شہر (ہانگ کانگ) کی عالمی ساکھ کو مضبوط بنانے کی امید رکھتا ہے۔ ہانگ کانگ میں ثالثی کی بین الاقوام تنظیم (آئی او ایم ای ڈی) کے قیام کیلئے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف عالمی ثالثی اور سفارتی کاری میں ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے، بلکہ ملٹی لیٹرل ازم اور ثالثی کے اصولوں کی حمایت کیلئے ایک نئی عالمی تنظیم کے قیام کا لمحہ بھی ہے۔ یہ انیشی ایٹیو مجھے ایشین انفرا اسٹرکچر بینک کے قیام کی صورت میں کچھ برس قبل اٹھائے گئے ایک اور یادگار چینی اقدام کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے تجارتی تنازعات اور عدالتی فعالیت کے فروغ کیلئے ایک عالمی ثالثی مرکز قائم کیا ہے، ہم ثالثی کی بین الاقوام تنظیم اور پاکستان کے عالمی ثالثی مرکز کے سیکریٹریٹ کے درمیان اشتراک کے خواہاں ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کےچارٹر کے اصولوں پر سختی سے کاربند، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین عمل درآمد کے ذریعے امن و سلامتی اور عالمی خوشحالی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ 

اہم خبریں سے مزید