کراچی(اسٹاف رپورٹر)یومِ تکبیر کی مناسبت سے اتحاد بین المومنین واستحکام پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے علما کرام نے شرکت کی ، کانفرنس کا اہتمام نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری کی سرپرستی میں کیا گیا علما نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی عظیم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ہم سب متحد ہیں ، شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر شیخ رمضان توقیر، مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری علامہ سید ناظر تقوی، اور معروف عالم سید سبطین سبزواری سمیت ممتاز علما نے شرکت کی، شرکا سے خطاب کرتے ہوئےشیخ ہادی حسین ناصری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی،استحکام اور سلامتی میں تشیع کا ہمیشہ سے مثبت اور اہم کردار رہا ہے، علماء کا فریضہ ہے کہ وہ قومی وحدت کو مضبوط بنائیں کیونکہ یہی اتحاد وطن عزیز کو ہر سازش کے خلاف ناقابلِ شکست بناتا ہے۔