اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جون کے دوسرے ہفتے میں چین اور سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ اس ماہ کے دوران وہ دیگر اہم خلیجی ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔ باخبر ذرائع نے "دی نیوز/جنگ" کو بتایا کہ یہ دورے سول اور فوجی قیادت کے مشترکہ دو طرفہ مذاکرات اور میزبان ممالک کی حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرنے کے سلسلے کا حصہ ہوں گے۔ دورے الگ الگ ہوں گے اور ان کے شیڈول سفارتی ذرائع سے طے کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور کچھ اہم وفاقی وزراء بھی ان اہم دوروں میں وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق چین کا دورہ خاص اہمیت کا حامل ہو گا کیونکہ بیجنگ نے ہر ممکن مدد فراہم کر کے بھارتی جارحیت کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔