اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے ارض وطن سے صفایا تک انکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، انہوں نے سوراب، بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے والے عناصر کی جانب سے بینک، معصوم شہریوں اور انتظامیہ کے افسران پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورواقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں زیرِ اعظم نےدہشتگردوں سے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر کی دعاکی ۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا،شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشتگردوں کا معصوم شہریوں اور انکی املاک پر حملہ انکی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی، افواج پاکستان بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی پراکسیوں کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔