کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں’میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی نوعیت کے مقدمات میرٹ پر نہیں اور عمران خان کی قانونی ٹیم مؤثر حکمت عملی بنانے میں ناکام ہے۔ عمران خان کو غلط معلومات دی جا رہی ہیں ۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اے ٹی سی کیسز نمٹانے کے لیے دیئے گئے 40 دن گزر چکے ۔ لاہور کے وکلاء نے شکایت کی ہے کہ قانونی ضابطے پامال کیے جا رہے ہیں اور ثبوت ریکارڈ کرنے میں شفافیت نہیں۔ فیصل آباد میں بھی پراسیکیوشن کا موقف کمزور پڑ گیا ہے مگر پارٹی میں نہ کوئی حکمت عملی ہے نہ سنجیدگی۔میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے ایک بار پھر جنگی بیانیہ دہرایا اور جنرل ساحر شمشاد نے واضح کیا کہ حالیہ کشیدگی میں دونوں ممالک بین الاقوامی سرحد پر آمنے سامنے آئے۔