ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر سوشل ویلفیئر ملتان کے زیر اہتمام "ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے" کے حوالے سے آگہی سیمینار منعقد کیا گیا،سیمینار کی مہمان خصوصی ثمارا شیریں خان، منیجر شہید بے نظیر بھٹو وومن کرائسس سینٹر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں "ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے" منایا جا رہا ہے، "ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے" منانے کا مقصد عام لوگوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات اور اس کاروبار سے وابستہ کاروباری اداروں کی ماحول دشمن سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔ صحت مند ماحول اور زندگی لوگوں کا حق ہے اور آئندہ نسلوں کی ضرورت ہے. مہمان اعزاز، انسپکٹر ارم حنیف، ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن نے کہا کہ تمباکو ہو یا دوسری منشیات ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے زہر کا کام کرتا ہے. سگریٹ پینے والے افراد منہ، گلے اور پھیپھڑوں کی شدید بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔صرف یہی نہیں بلکہ اپنے ارد گرد رہنے والے دوسرے انسانوں کے لیے بھی خطرہ ثابت ہوتے ہیں۔