• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی خاتون نے 24 گھنٹوں میں 7079 پل اپس کا ریکارڈ بنا لیا

—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

آسٹریلیا کی فٹنس کی شوقین خاتون نے 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 79 پل اپس کا ریکارڈ بنا لیا، یہ ریکارڈ پچھلے گینیز ورلڈ ریکارڈ کے دگنے کے قریب قریب ہے۔

34 سالہ اولیویا ونسن نے گینیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ میں ایک بڑے چیلنج کی تلاش میں تھی کہ اس دوران میرے شوہر اور کوچ نے مجھے 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ پل اپس میں خواتین کا ریکارڈ توڑنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مشورے پر میں شروع میں ہنس دی تھی کیونکہ مجھے لگا یہ ممکن ہی نہیں ہے، تاہم جب میں نے موجودہ ریکارڈ دیکھا جو 4 ہزار 81 پل اپس کا تھا جسے 2021ء میں پولینڈ کی پولا گورلو نے بنایا تھا، تو میں حیران رہ گئی، میں نے کچھ حساب کتاب کیا اور تب سوچا کہ شاید میں یہ کر سکتی ہوں۔

اولیویا ونسن نے پہلی کوشش سے پہلے 3 ماہ ٹریننگ کی، لیکن ان کی وہ کوشش ناکام رہی کیونکہ 12 گھنٹے بعد ان کےبائیں بازو میں کھنچاؤ ہونے لگا اور وہ ایک بھی پل اپ نہ کر سکیں۔

اس چوٹ کی وجہ سے انہیں 2 ماہ آرام کرنا پڑا، تاہم انہوں نے دوبارہ ٹریننگ شروع کی اور آخرکار دوسری کوشش کے لیے تیار ہو گئیں۔

اولیویا نے بتایا کہ دوسری کوشش میں بھی مشکلات تھیں جس کے دوران 19 گھنٹے بعد مجھے متلی محسوس ہونے لگی، غالباً تھکاوٹ کی وجہ سے اور یہ ایسی چیز تھی جسے مجھے بس سنبھالنا پڑا، تاہم میں 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 79 پل اپس مکمل کرنے میں کامیاب رہی یعنی تقریباً ہر منٹ میں اوسطاً 5 پل اپس۔

اولیویا ونسن نے کہا کہ میں نے ایک ایسا نمبر حاصل کیا ہے جسے میں نے ابتداء میں خود کے لیے ممکن نہیں سمجھا تھا، میرے خیال میں انسانی فطرت میں کچھ ایسا ہے کہ وہ اپنی حدود کو آزمانا چاہتی ہے اور ورلڈ ریکارڈز ہمیں انسانی صلاحیت کی واضح حد دکھاتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید