کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں سڑکوں پر پڑے جابجا گڑھے جس کے باعث حادثات میں نمایاں اضافے اور ٹریفک جام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سترہ سالوں سے بلاشرکت غیر قابض سندھ حکومت نے شہری علاقوں بلخصوص کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں سے بدتر سلوک روا رکھا ہوا ہے جو انسانیت کے تقاضوں سے نابلد صرف ایک مقصد خاص کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف ہے، کراچی کی سڑکیں اور مصروف شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو آئے روز کے حادثات کا سبب بن رہی ہیں جس کے بناء شہریوں کو جسمانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے تجاوزات کے انبار نے عوام کا پیدل گزرنا تک دوبھر کیا ہوا ہے، سندھ کے 97فیصد اخراجات اٹھانے والا شہر اپنے بنیادی حقوق کے لئے سسک رہا ہے، صوبائی اور نام نہاد شہری حکومت فی الفور اپنی روش درست کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کو سر انجام دے ورنہ عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہے۔