• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن دشمنوں کو پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ملے گی، وزیراعظم

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کے دشمنوں کو پاکستان کے اندر کام کرنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں اور انکے معاونین اور سہولت کاروں کو معاف نہیں کیا جائیگا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسی وار اب ڈھکی چھپی نہیں ہے، بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں جو ہماری خود مختاری کو چیلنج کریگا منہ توڑ جواب دینگے۔ اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ نے ہفتے کو کوئٹہ کے زہری آڈیٹوریم میں قبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خطاب کی مزید تفصیلات جاری کیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بلوچستان میں ہندوستان کی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیوں نے امن کو خراب کرنے، صوبے کو غیر مستحکم کرنے اور ترقیاتی اقدامات کو متاثر کرنے کی اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن کے دشمنوں کو پاکستان کے اندر کام کرنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی،ان کیلئے ہمارا پیغام واضح ہے اور دہشت گردی کو فیصلہ کن انداز میں شکست دینگے۔بلوچستان میں خوشحالی کیلئے یادگار ترقیاتی پیکجز کے سلسلے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے عوام تک حکومتی اقدامات کے اثرات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے قومی یکجہتی کے تحفظ میں بلوچستان کے عوام کے تاریخی کردار کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے منظم اور سپانسر کی گئی غیر ملکی حمایت یافتہ تخریب کاری کے خلاف چوکنا رہیں۔ قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ یہ بھارتی سپانسرڈ پراکسی وار اب ڈھکی چھپی نہیں ہے، یہ ہمارے عوام، ہماری ترقی اور ہمارے امن پر چھیڑی جانے والی دہشت گردی کی کھلی مذموم کارروائی ہے، ہمارے پاس بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کے ہاتھ ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، دشمن کی یہ مذموم کوششیں قوم کے ساتھ ملکر ناکام ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہادر بلوچ عوام، ملکی اور غیر ملکی ہر اس دشمن کا مقابلہ کرینگے اور اسے کچل دینگے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتااور پاکستان کا مستقبل براہ راست ایک مستحکم، خوشحال بلوچستان سے وابستہ ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کہا کہ فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ مقامی لوگوں کی حمایت چاہتے ہیں جس سے انہیں انکار کیا جانا چاہیے۔ عمائدین کی قیادت اور تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نچلی سطح پر شمولیت اور اس بات کو یقینی بنانے کی مسلسل ضرورت کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو کوئی سماجی جگہ نہ ملافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور لچک کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے شہداءکے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ دہشت گردوں، انکے معاونین اور سہولت کاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید