کراچی(عبدالماجد بھٹی)صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے کہا ہے کہ ماشاءاللہ آپ اچھا کھیل رہے ہیں، کھیل پر توجہ دیں، سیاست ہم پر چھوڑ دیں، سیاست ہمیں کرنے دیں، ہم جیلوں میں جا سکتے ہیں، ہماری طرح کے لوگ 14 سال جیل کاٹ سکتے ہیں، آپ لوگ نہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کو ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔وہ اتوار کو گورنر ہاوس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر دونوں ٹیموں کے علاوہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، پی س بی چیئرمین محسن نقوی اور دیگر شریک تھے۔انہوں نے جب کرکٹرز کو سیاست نہ کرنے کا مشورہ دیا تو پاکستانی کرکٹرز مسلرائے بغیر نہ رہ سکے اور ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔صدر مملکت نے کہا کہ آپ سیاست نہیں کر سکتے،آپ دونوں ٹیموں کا کیریئر کامیاب ہیں، آپ تمام نوجوانوں کا کامیاب کیرئیرمنتظر ہےآپ جوان ہیں اور یہ آپ کا وقت ہے، ہم نے اپنا وقت دیکھا، یہ آپ کا وقت ہے۔ آپ سب مستقبل کو دیکھنے جا رہے ہیں مجھے امید ہے کہ آپ کا مستقبل اچھا ہو گا۔ آپ کا بہت بہت شکریہ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو ’’سفیر کھیل‘‘ قرار دیتے ہوئے انکے جذبے اور کھیل کے معیار کی تعریف کی۔