کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری جاوید اقبال اعوان، سینئر نائب صدور ارباب اقبال کاسی، ذاکر بنگلزئی سمیت دیگر نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کوئٹہ ڈویژن اور ضلع کوئٹہ کے سابق صدر میر صلاح الدین رند سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر دیگر قبائلی ، سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی امور سمیت ملک و صوبے کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاویداعوان اور ارباب اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن پارٹی کیساتھ اور اپنے قائد نوازشریف کا سپاہی ہے، حالات جیسے بھی ہوں کارکنوں نے قائد کے نظریئے کو نہیں چھوڑا، انہوں نے کہا کہ آج افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی سطح پر ضلع کوئٹہ کے کارکنوں کو نظرانداز کردیا گیا جس کی وجہ سے وہ دلبرداشتہ ہیں، ضلع کوئٹہ نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انتخابات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ضلع کوئٹہ کی سطح پر پارٹی پوزیشن دیگر جماعتوں سے بہتر رہی لیکن صوبائی قیادت کی جانب سے انہیں نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد نوازشریف کی ہر کال پر لبیک کہیں گے، کارکنوں کے مسائل کو مرکزی و صوبائی سطح پر اٹھاتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔درایں اثناء بیان میں پی پی 52سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حناارشد وڑائچ کو شاندار کامیابی پرمبارک باد دی گئی ہے۔