کراچی (نیوز ڈیسک) کانگریس رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ جی سیون اجلاس میں بھارت کو نہ بلایا جانا عالمی سطح پر بڑی سفارتی ناکامی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے اسے مودی حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب آسٹریلیا، برازیل، میکسیکو، جنوبی افریقہ اور یوکرین جیسے ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے تو ہندوستان کو کیوں نظر انداز کیا گیا؟کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا ہے کہ کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کو عالمی سطح پر شدید سفارتی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ 2014 سے پہلے جی 7 کو جی-8 کہا جاتا تھا کیونکہ روس بھی اس کا حصہ ہوا کرتا تھا۔ اس وقت ہندوستان کے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان اجلاسوں میں مدعو کیا جاتا تھا اور ان کی تجاویز کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے لیا جاتا تھا۔