اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ دنیا میں امن کے داعی، پاک بھارت جنگ بندی میں کردار کو سراہتے ہیں،پاکستان اور امریکا کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، بھارت پہلگام کے ثبوت دینے میں ناکام رہا، آپریشن کا ڈرامہ رچایا، انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر ہو چکا ہے۔ امید ہے کہ یہ طویل اور پائیدار ہو گا اور ہم سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکیں گے۔ ہم آئی ٹی، توانائی، زراعت تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت، ٹیرف سمیت دیگر امور پر امریکا کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو امریکی سفارتخانہ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے امریکہ کے 249 ویں یوم آزادی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کو فروغ دیا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ڈیموں سمیت متعدد منصوبے امریکی حکومت کے تعاون سے مکمل کئے گئے، امریکا نے متعدد بار پاکستان اور پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے تعاون فراہم کیا، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ شروع ہوئی۔