اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں بھارتی بالادستی کے دعوے ہوا میں اڑ گئے، دنیا نے ہماری سفارتی کاوشوں کی تعریف کی، بھارت میں الزام تراشیاں، دہلی میں ماتم ہے، بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن بے چین نہیں، جبکہ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹ اور فیک نیوز کا سہارا لیا،پاکستان نے بھارت کو عسکری میدان، بیانیہ کی جنگ اور سفارتی محاذ پر موثر اور بھرپور انداز میں شکست دی، بھارتی بیانیہ کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہوا، مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، بلوچستان پاکستان کی لائف لائن،یہاں بھی انڈین پراکسیز کو شکست دینگے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزارت خارجہ ایک پریس بریفنگ میں نائب وزیراعظم اسحق ڈار نےکہا کہ تصدیق ہوئی ہے بھارت کے چھ لڑاکا طیارے تباہ ہوئے جن میں سے تین نہیں چار رافیل طیارے تھے۔اسحاق ڈار نے 19 مئی کو ہونے والے اپنے دورۂ چین کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ مکمل طور پر دوطرفہ نوعیت کا تھا، اس دوران چین کے حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ دورہ چین کے دوران ہونے والی دونوں، دوطرفہ اور سہ فریقی ملاقاتیں غیر رسمی نوعیت کی تھیں اور ان میں خطے کی صورتحال، باہمی تعاون اور سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ بھارتی الزامات اور حالیہ جارحیت کے تناظر میں نائب وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی اور چینی وزارت خارجہ کی جانب سے اگلے ہی روز پاکستان کے مؤقف کی تائید میں مثبت بیان جاری کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پھیلائے گئے جھوٹے الزامات کے جواب میں پاکستان نے ایک مؤثر سفارتی حکمتِ عملی اپنائی۔ پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں امریکا، برطانیہ اور برسلز روانہ کیا گیا، جبکہ دیگر سفارتی ٹیمیں بھی متحرک ہوئیں۔