• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ میں کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز رکھنے کا فیصلہ

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وفاقی حکومت نےآئندہ مالی سال کےبجٹ میں ملک کےسب سے بڑے شہر کراچی کےمختلف جاری منصوبوں کےلیےفنڈز رکھنےکافیصلہ کیا ہے۔کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے پچاس کروڑ روپے اور آپریشنل گرین لائن بی آر ٹی کراچی کے لیے اٹھارہ کروڑ پچاس لاکھ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز ہےجبکہ شہرقائد میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی و فراہمی آب کےمختلف منصوبوں کےلیےفنڈز رکھنے کی تجاویزدی گئی ہیں ، آئندہ مالی سال کےوفاقی بجٹ میں مذکورہ بالا کراچی کےجن منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کی تجاویز ہیں، یہ تمام جاری منصوبے ہیں،ان میں کوئی بھی نیا منصوبہ شامل نہیں ۔کراچی کےمختلف منصوبوں کے لیےفنڈز کوآئندہ مالی سال کےوفاقی بجٹ دستاویزات کا حصہ بنایا گیا ہے-بجٹ دستاویزات کےمطابق ضلع غربی کراچی میں انفرااسٹرکچرکی بحالی کے لیے10کروڑ روپے، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے12 کروڑ روپے، لانڈھی، زمان آباد، کورنگی ٹاون میں سڑکوں،فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں اورکھیل کے میدانوں کے لیے11کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے-دستاویزات کےمطابق آئندہ مالی سال ضلع وسطی کراچی میں پاک ایشین فٹ بال گراؤنڈ کے لیے تقریباً 10کروڑ روپے، ضلع کورنگی، ملیر میں سڑکوں، گلیوں اور نکاس آب کے منصوبوں کے لیے 5 کروڑ روپے اورضلع شرقی کراچی میں وفاقی منصوبوں کےلیے 10کروڑ روپے مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید