کراچی(صباح نیوز)کراچی میں رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنیکی منظوری دی دی گئی،رانگ وے کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری و غیر سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر بھاری جرمانے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 25 ہزار اور کار پر 50 ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ کیاگیا،ون وے کی خلاف ورزی پر سرکاری گاڑی پر2لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیا لنجار کی زیر صدارت موٹر وہیکلز رولز میں ترامیم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔اجلاس میں کمرشل اور نان کمرشل گاڑیوں کی فٹنس لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا اور 4 سیٹر رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کے لیے ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ضیا لنجار نے کہاکہ گاڑیوں کی فٹنس تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہوگی، رکشوں کو سڑک پر لانیکی اجازت لینی ہوگی، ون ویلنگ اورڈرفٹنگ پر پہلی بار ایک لاکھ روپے، پھر 2 اور 3 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ فور وہیلرز کی جانب سے ون وے کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، مال بردار گاڑیوں میں کم از کم 5 کیمروں کی تنصیب لازمی ہوگی، ترمیمی کا مسودہ حتمی منظوری کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ واٹرٹینکرز ڈمپرز میں ٹریکر اورسینسر کی تنصیب لازمی ہوگی۔ اجلاس میں کالے شیشوں، فینسی لائٹس اور ہوٹر کی آن لائن یا دکان پر فروخت پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک کے ای چالان گاڑی مالک کے گھر کے ایڈریس پر بھیجے جائیں گے، ٹریفک، ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کا نظام ایک دوسرے سے منسلک ہوگا۔