اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )آئندہ مالی سال کےبجٹ میں کراچی واٹر سپلائی کےلیےکلری فیڈر کی تعمیرومرمت کےلیے نو ارب سینتالیس کروڑ روپے اور گریٹر کراچی واٹر سپلائی کے فورفیز ون منصوبے کے لیےآٹھ ارب اکیس کروڑ روپے تجویز کردیئے گئے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق پٹ فیڈر کینال سسٹم بلوچستان کے لیے ایک ارب 87 کروڑ اوردریائے سندھ پر ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے لیے 4 ارب 41 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، بجٹ میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ فیز ون کے لیے20 ارب روپے،منگلا ڈیم پاور اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے 5 ارب روپے اوردیا میر بھا شا ڈیم کے لیے35ارب روپےکا بجٹ مختص کرنے کی تجویز ہے-اسی طرح آئندہ مالی سال دیامیربھا شاڈیم کی اراضی کی خریداری کے لیے7 ارب 78 کروڑ روپے اورمہمندڈیم کےلیے 35ارب 72کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ پنجگور ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز ہے- دستاویزات کے مطابق بجٹ میں آواران ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک ارب 50 کروڑ روپے،تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے لیے 3 ارب 40کروڑ روپے اورہارپو ہائیڈروپاور پراجیکٹ اسکردو کے لیے ایک ارب روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔