حب(نامہ نگار) عید الاضحیٰ کے تیسرے روز حب ندی میں نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کے لئے لگائی گئی پابندیاں دھری کی دھری رہ گئیں، ایدھی کے غوطہ خوروں نے لاشیں ندی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیں،تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے تیسرے روز کراچی سے پکنک منانے والے افراد کی بڑی تعداد ضلع حب کے مختلف نہانے والی جگہوں کا رخ کرتی ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع حب کی مختلف نہانے والی جگہوں پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی تاکہ عوام کی جان کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے مگر اسکے باوجود عوام کی بڑی تعداد بلا خوف و خطر مختلف نہانے والی جگہوں پر امڈ آئی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی جان کا تحفظ کے دعوی دھرے کے دھرے رہ گئے، اس اثنا میں کراچی کے تین افراد حب ندی میں ڈوب کر اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے،ایدھی زرائع کے مطابق حب ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 16 سالہ علیشاہ ولد عرفان عمر اور 14 سالہ احمد رضا ولد قاسم عمر سکنہ گلبائی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حب ندی میں ڈوبنے والے تیسرے شخص کی شناخت 28سالہ ساجن ولد شیو جی کے نام سے ہوئی ہے،ڈوبنے والے تینوں افراد کی لاشوں کو ایدھی کے غوطہ خوروں نے حب ندی سے نکال کر ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے لاشیں حب کے گورنمنٹ جام غلام قادر ہسپتال منتقل کردی مگر یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی عوام کے لئے پابندیاں دھری کی دھری رہ گئیں۔