اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے تحت راول ڈیم میں نہانے پر پابندی کے باوجود عید الاضحیٰ کے دوسرے روز اتوار کو تین نوجوان راول ڈیم میں نہاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تین افراد کی ہلاکت پر تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایک نوجوان کو مردہ حالت میں نکال لیا گیا، دو نوجوانوں کو تشویشناک حالت میں زندہ نکالا گیا مگر وہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تحقیقات کے بعد ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے گا۔ شہریوں سے التماس ہے کہ راول ڈیم میں نہانے پر عائد پابندی پر عمل کریں۔ ایس ایچ او سیکرٹریٹ میاں عمران کے مطابق ڈوبنے والوں میں سید حسین مہدی احمد اور شاہزیب شامل ہیں۔ دریں اثناءتھانہ نیلور کے علاقے جھنگ سیداں کے جنگل سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ۔ پولیس کے مطابق لاش جھاڑیوں سے ملی ہے اور بظاہر چند روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔