اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے عیدالاضحی شہداء کی فیملیوں کے ساتھ منائی۔ عید کی نماز پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کی پھر یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور دعا کی۔ آئی جی نے شہداء پولیس کے گھروں کا دورہ کیا، انکے اہلخانہ اور بچوں سے ملاقاتیں کیں اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ عید کی نماز کے بعد آئی جی اسلام آباد پولیس افسران سے گلے ملے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ آئی جی نے کہا کہ ملک کے امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سپوت پولیس کے قابل فخر سپوت ہیں۔