اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی محنت سےملک اب ٹیک آف کی پوزیشن میں آگیا ہے،بھارت سے معاشی میدان میں آگے نکلنا ہے، موجودہ بجٹ میں معاشی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے حجاج کرام کو حج کی مبارکباد دی، وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری بربریت عصر حاضر کا بدترین ظلم ہے،عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے۔و زیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، گزشتہ سوا سال کئی چیلنجز کا سامنا رہا، عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے نے بڑی قربانیاں دی ہیں، معیشت میں استحکام کے مثبت اشاریئے سامنے آئے ہیں۔ حالیہ جنگ میں معاشی طور پر مضبوط ملک کو شکست فاش دی ہے، معاشی میدان میں بھی مخالفین کو شکست دے کر ملکی مستقبل تابناک بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، ملکی سلامتی و دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔