• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت اپنی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے پر غور کرے، پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے برسلز میں بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سفارتکاروں کی گفتگو کا مقصد جنگ چھیڑنا نہیں بلکہ امن اور ہم آہنگی کافروغ ہونا چاہئے، بھارت اپنی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے پر غور کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بدھ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا لب و لہجہ اس عہدہ کے وقار کے مطابق ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے بھارت مظلومیت کی فرضی داستان کے ذریعے بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے، بہرحال بھارت کی مسلسل پاکستان دشمنی اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گردی کی اسپانسرشپ کو چھپا نہیں سکتی اور نہ ہی وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ریاستی مظالم پر پردہ ڈال سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے دہشت گردی، تخریب کاری اور ٹارگٹڈ قتل میں اپنے ملوث ہونے کا خود جائزہ لینا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو اپنے حالیہ جارحانہ اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لئے گمراہ کن بیانیے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے تاہم وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے تحفظ کے اپنے ارادے اور صلاحیت میں پرعزم ہے جسکی مثال گزشتہ ماہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملوں پر اس کے مضبوط ردعمل سے ملتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید